کیف/۲۹اپریل
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گٹیرس کے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے دورے کے دوران ان کے ہوٹل کے قریب راکٹ داغا گیا۔
بی بی سی کے مطابق، جمعرات کو مسٹر گوٹیرس کی یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس کے بمشکل ایک گھنٹے بعد راکٹ داغا گیا۔
گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ اور ان کی ٹیم محفوظ ہیں۔ واقعہ کے وقت اقوام متحدہ کا وفد وزیراعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کر رہا تھا اور اس وقت ہوٹل میں نہیں تھا۔
گوٹیرس نے کہا”میں آج کیف میں ہوں۔ کیف پر دو راکٹ فائر کیے گئے ، میں یہ جان کر حیران رہ گیا کہ میں جس شہر میں ہوں وہاں دو راکٹ داغے گئے “۔انہوں نے کہا ”یہ ایک ڈرامائی جنگ ہے ، اور ہمیں اس جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں اس جنگ کے حل کی ضرورت ہے “۔
کیف سیاد میں ڈیزاسٹر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ راکٹ جمعرات کی رات سواآٹھ پر داغا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی گولہ باری کے نتیجے میںپچےس منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی جس سے پہلی اور دوسری منزل کو جزوی نقصان پہنچا۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق پانچ افراد کو بچا لیا گیا اور دس دیگر زخمی ہوئے ۔
واقعے کی مذمت کرتے ہوئے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا”کیف میں (گوٹیرس کے ساتھ) ہماری بات چیت کے اختتام کے کچھ ہی دیر بعد، پانچ روسی میزائل شہر کے اوپر سے اڑ گئے ۔ یہ عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کے بارے میں روس کے حقیقی رویے کی عکاسی کرتا ہے ۔ روسی قیادت کی ہر اس چیز کو بدنام کرنے کی کوشش کے بارے میں جس کی تنظیم نمائندگی کرتی ہے ۔ اس لیے مناسب، طاقتور ردعمل کی ضرورت ہے “۔
یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمہل نے ٹویٹ کیا”کیف میں انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کے دوران، ہم نے دھماکوں کی آوازیں سنی۔ روس نے دارالحکومت پر میزائل حملہ کیا۔ مجھے یقین ہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل ان کے اس طرح کے منحرف رویے کا صحیح اندازہ کریں گے ۔ یوکرین کی جنگ عالمی سلامتی پر حملہ ہے ۔“