بنگلورو//کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت کو وزیر زراعت این چیلوریا سوامی کے خلاف بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے لکھے گئے مبینہ فرضی خط کے سلسلے میں کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے میسور ضلع کے محکمہ زراعت کے دو اہلکاروں کو حراست میں لیا ہے ۔
حراست میں لئے گئے اسسٹنٹ ایگریکلچر ڈائریکٹر گرو دت اور ایگریکلچر آفیسر شیو پرساد سے پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔ حراست میں لیے گئے افراد مبینہ طور پر منڈیا کے سات زراعت افسران کے نام خط لکھنے میں ملوث تھے ، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مسٹرچیلوریا سوامی نے جوائنٹ ڈائریکٹر کے ذریعے پوسٹنگ کے لئے رشوت مانگی تھی۔
اپوزیشن کی طرف سے ریاستی حکومت پر سوال اٹھانے کے ساتھ ہی، وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اگلی کارروائی میں جعلسازی کی سی آئی ڈی جانچ کا حکم دیا۔ تحقیقات کے دوران سی آئی ڈی کو پتہ چلا کہ یہ خط میسور کے سرسوتی پورم پوسٹ آفس کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد دو اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
گورنر کو حالانکہ خط بھیجنے میں ان کا کردار اب بھی مشکوک ہے ۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ گورنر کو خط کس نے لکھا؟ وزیر چیلوریا سوامی نے الزام لگایا تھا کہ یہ خط فرضی ہے ۔ منڈیا کے جوائنٹ ڈائریکٹر نے پولیس کو بتایا تھا کہ دفتر میں صرف چار افسران تھے ، لیکن گورنر کو لکھے گئے خط پر سات دستخط تھے ۔