جموں//
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں نے جمعرات کے روز ایک بار پھر یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر احتجاج درج کیا۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنے مطالبات خاص طور پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔
اس موقع پر منیر احمد نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم گذشتہ تین برسوں سے احتجاج کر رہے ہیں اور آج ایک بار پھر یہاں جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا’’ایل جی صاحب نے۱۲دسمبر۲۰۲۲کو ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا لیکن آٹھ ماہ گذر جانے کے باوجود بھی رپورٹ ابھی تک پیش نہیں کی گئی‘‘۔
احمد کا کہنا تھا’’ہم نے یہیں سے اس لسٹ میں ہونے والی دھاندلیوں کے ثبوت فراہم کئے تھے لیکن پھر بھی رپورٹ سامنے نہیں لائی جا رہی ہے ‘‘۔
احتجاجی کا الزام تھا’’ہم کو در بدر کیا جا رہا ہے ہم جو نوجوان سڑکوں پر ہیں یہ جموں و کشمیر کا مستقبل سڑکوں پر ہے ‘‘۔انہوں نے کہا’’رپورٹ کو پیش نہ کرکے کس کا دفاع کیا جا رہا ہے ‘‘۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جلد از جلد سامنے لائی جائے بصورت دیگر وہ ہر ضلع میں مہم چلائیں گے ۔