جموں//
یاتریوں کی تعداد میں مسلسل کمی درج ہونے کے پیش نظر شری امرناتھ جی شرائن بورڈ (ایس اے ایس بی) نے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پوتر گھپا تک یاترا متبادل دنوں چلانے کا فیصلہ لیا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جولائی کے مہینے کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کی تعداد میں یاتری روزانہ بھگوتی نگر بیس کیمپ جموں پہنچ رہے تھے لیکن اس تعداد میں کافی کمی واقع ہوئی ہے اور اب چند سو یاتری ہی بھگوری بیس کیمپ پہنچ رہے ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ یاتریوں کی تعداد میں کمی واقع ہونے کے پیش نظر ایس اے ایس بی نے متبادل دنوں یاترا چلانے کا فیصلہ لیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پوتر گھپا کا درشن کرنے والے یاتریوں کی اکثریت اپنے اپنے گھر روانہ ہوئے ہیں۔
دریں اثنا ذرائع کے مطابق جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ہفتے کی صبح۹۱۵یاتریوں کا ایک اور جھتا کشمیر کیلئے روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں۷۳۶مرد‘۱۵۱خواتین‘۲۵ساسدھو اور۳سادھویں شامل تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ یاتری۳۳چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ ننون پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں کیلئے روانہ ہوئے ۔ننون پہلگام بیس کیمپ کیلئے۶۷۵یاتری جبکہ بالتل بیس کیمپ کیلئے۲۴۰یاتری روانہ ہوئے ۔
یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس سالانہ یاترا کے دوران اب تک قریب ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے ۔
بتادیں کہ سال گذشتہ سال۳لاکھ ۶۰ہزار یاتریوں نے ہی پوترا گھپا کا درشن کیا تھا۔۶۲دنوں پر محیط یہ یاترا؍۳۱؍اگست کو شرون پورنیما کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔