لندن//
بھارتی بیٹر پرتھوی شا نے بدھ کے روز سمرسیٹ کے ہوم گرائونڈ پر انگلش کاؤنٹی ون ڈے کپ میچ میں نارتھمپٹن شائر کے لیے چھٹا سب سے زیادہ انفرادی لسٹ اے سکور بنایا ،انہوں نے 244 رنز بنائے۔ 23 سالہ نوجوان بیٹر نے صرف 153 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 28 چوکے اور 11 چھکے شامل تھے۔
پرتھوی شا کی اننگز کسی بھی لسٹ اے میچ میں چھٹا سب سے بڑا انفرادی سکور تھا جب کہ برطانوی سرزمین پر ان سے آگے صرف علی برائون رہے جنہوں نے 2002ء میں گلیمورگن کے خلاف سرے کے لیے 268 رنز سکور کیے تھے۔
2013ء میں 14 سال کی عمر میں ایک سکول میچ کے دوران اننگز میں 546 رنز بنانے والے پرتھوی شا نے پہلی سنچری 81 گیندوں پر سکور کی اور دوسری سنچری کے لیے محض 48 گیندوں کا سہارا لیا۔
پرتھوی شا جس نے 18 سال کی عمر میں ہندوستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنائی تھی ، نے نارتھمپٹن شائر کی جانب سے سابق انگلش بلے باز وین لارکنز کے 1983ء میں 40 اوورز کے میچ میں بنائے گئے ناٹ آؤٹ 172 کے سب سے زیادہ لسٹ اے سکور کے انفرادی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
پرتھوی شا اننگز کے اختتام سے تین گیندیں قبل ڈیپ مڈ وکٹ پر سیمر ڈینی لیمب کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ یہ دوسرا موقع تھا جب پرتھوی شا نے ڈومیسٹک ون ڈے میچ میں ڈبل سنچری بنائی تھی، اس سے قبل انہوں نے 2021ء میں پانڈی چری کے خلاف ممبئی کے لیے ناقابل شکست 227 رنز سکور کیے تھے۔ پرتھوی شا نے اب تک تینوں بین الاقوامی فارمیٹس کے 12 میچز میں بھارت کی نمائندگی کررکھی ہے۔
لسٹ اے کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ تامل ناڈو کے نارائن جگدیسن کے پاس ہے جنہوں نے 2022ء میں اروناچل پردیش کیخلاف 277 رنز سکور کیے تھے۔ سرے کائونٹی کے سابق بلے باز ایلسٹر برائون 2002ء میں گلیمورگن کیخلاف 268 رنز سکور کرکے اس فہرست میں دوسرے، بھارتی کپتان روہت شرما 2014ء میں سری لنکا کیخلاف 264 کی باری کھیل کر تیسرے، ڈآرسی شارٹ 2018ء میں ویسٹرن آسٹریلیا کی جانب سے کوئنز لینڈ کیخلاف 257 رنز کی باری کھیل کر اس فہرست میں چوتھے، بھارت کے شیکھر دھون 2013ء میں انڈیا اے کی جانب سے جنوبی افریقہ اے کیخلاف 248 رنز سکور کرکے اس فہرست میں 5ویں نمبر پر ہیں ۔