سرینگر//
پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے پکھر پورہ علاقے میں سڑک پر خطرناک سٹنٹ کرنے والے نوجوان کو حراست میں لیا ہے ۔
پولیس نے یہ کارروائی اس وقت انجام دی ہے جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہا ہے جس میں پکھر پورہ علاقے میں ایک نوجوان کو سڑک پر خطرناک سٹنٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
پولیس نے اس حرکت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ نوجوان کو حراست میں لیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت عامر رشید وگے ولد عبدالرشید وگے ساکن کھائی گام پلوامہ کے بطور ہوئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پکھر پورہ بڈگام میں سڑک پر خطرناک سٹنٹ کرنے کے وائرل ویڈیو پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو حراست میں لیا ہے ۔
پولیس کا بیان میں کہنا تھا’’عامر رشید وگے کا یہ لاپرا رویہ جیسا کہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے ، نہ صرف اس کی اپنی زندگی بلکہ دوسرے راہگیروں اور سڑک استعمال کرنے والوں کے تحفظ کیلئے بھی خطرناک تھا‘‘۔
بیان کے مطابق مذکورہ نوجوان کو ایم وی ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت حراست میں لیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سٹنٹ کرنے کیلئے استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل جو نمبر پلیٹ اور ضروری دستاویزات کے بغیر تھی، کو ضبط کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔