سرینگر//
کشمیر میں آرمی کے ۱۵ویں کور ہیڈ کوارٹر میں کمانڈ کی تبدیلی۹ مئی کو ہو گی اور لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس اوجلا نئے جنرل آفیسر کمانڈنگ ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس اوجلا جنرل آفیسر کمانڈنگ ۱۵ویںکور کا عہدہ سنبھالیں گے اور لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے اندور کے قریب مدھیہ پردیش میں واقع کمانڈنٹ آرمی وار کالج مہو کے طور پر اگلی پوسٹنگ پر جائیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس اوجلا کو اپریل کے پہلے ہفتے میں بادامی باغ سرینگر میں واقع ۱۵ویں کور کے نئے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) کے طور پر نامزد کیا گیا تھا جسے چنار کور بھی کہا جاتا ہے۔
سینئر آرمی حکام نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس اوجلا ۹مئی کو کمان سنبھالیں گے۔’وہ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے سے عہدہ سنبھالیں گے‘۔
ہندوستانی فوج کی۱۵ویں کور جو اس وقت سرینگر میں واقع ہے اور وادی کشمیر میں فوجی کارروائیوں کی ذمہ دار ہے۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو سے۱۵ویں کور کی کمان سنبھالی تھی جو اس وقت آرمی ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل پانڈے کے دور میں جنگجوؤں کی ایک بڑی تعداد کو ہلاک کرنے کیلئے کئی کامیاب آپریشن دیکھنے میں آئے۔