سرینگر//
سٹیٹ انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے منگل کے روز پاکستان میں مقیم کپواڑہ کے جنگجو کی غیر منقولہ جائیداد قرق کردی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ‘عبدالرشید قریشی عرف فاروق قریشی ساکن کچہ ہامہ کرالہ پورہ کپواڑہ کی غیر منقولہ جائیداد قرق کر کے اس پر قرقی کا نوٹس چسپاں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ایس آئی یو نے چھ کنال اور تین مرلہ اراضی منسلک کردی ہے ۔
ان کے مطابق ایف آئی آر زیر نمبر۲۷۶کے تحت کیس کی مزید تحقیقات کے بعد پاکستان میں مقیم مقامی ملی ٹینٹ کی جائیداد کے بارے میں پتہ چلا ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کپواڑہ میں مختلف مقامات پر ملی ٹینٹ کی چھ کنال تین مرلہ اراضی کی نشاندہی کے بعد اس کو منسلک کردیا گیا ہے ۔
پولیس کی طرف سے اٹھائے گئے اس اقدام کا مقصد جنگجو کے غیر قانونی نیٹ ورک کو ختم کرکے دہشت گردی کی مزید کارروائیوں کو انجام دینے کی صلاحیت کو محدود کرنا مقصود ہے ۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ فاروق قریشی سال ۱۹۹۰کی دہائی میں پاکستان چلا گیا اور تب سے وہ جموں وکشمیر کے امن اور سلامتی کے لئے خطرہ بنا ہوا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطا بق فاروق قریشی البرق ملی ٹینٹ تنظیم کا رکن ہے او ر اس وقت پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں لانچنگ کمانڈر کے طورپر کام کررہاہے اور یہ کہ وہ متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جائیداد کی قرقی ملی ٹینٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملی ٹینٹوں اوران کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔