سرینگر//
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے منگل کی صبح کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ۔
یہ چھاپے غیر سرکاری تنظیموں کے ٹرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں مارے گئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے منگل کی صبح کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے غیر سرکاری تنظیموں کے ٹرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں مارے گئے ۔
ذرائع کے مطابق سرینگر، بڈگام، کپواڑہ اور پلوامہ اضلاع میں سات مقامات پر ٹرسٹوں اور جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹیز (جے کے سی سی ایس) سے وابستہ افراد کے ٹھکانوں پر وسیع پیمانے پر چھاپے مارے گئے، جو کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے لیے فنڈز جمع کرنے میں ملوث ایک این جی او ہے۔ این جی او کے پروگرام کوآرڈینیٹر خرم پرویز اور ان کے ساتھی عرفان معرراج سے وابستہ مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے۔
پرویز اورمعراج دونوں کو این آئی اے نے اس سال مارچ میں گرفتار کیا تھا جب تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ جے کے سی سی ایس کے لیے بیرون ملک مقیم مختلف خیراتی اداروں سے فنڈز اکٹھا کرنے اور ان رقوم کا استعمال جموں و کشمیر میں پریشانی اور دہشت پھیلانے میں کیا گیا تھا۔
اس کے بعد کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ جے کے سی سی ایس این جی او اور دو گرفتار ملزمان وادی میں پتھراؤ کو بھڑکانے اور فنڈ دینے میں سرگرم اور منظم طریقے سے ملوث تھے۔ایجنسی کے مطابق وہ جموں و کشمیر میں سرگرم مختلف کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ کشمیر میں علیحدگی پسندوں اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کے لئے علیحدگی پسندوں اور ملی ٹنٹ تنظیموں کی جانب سے بعض غیر سرکاری تنظیموں، ٹرسٹوں، سوسائیٹیوں کے ذریعے رقوم کی وصولی اور منتقلی کے متعلق ہے ۔
بتادیں کہ این آئی اے نے۲۷مارچ کو سرینگر کے سونہ وار علاقے میں اس کیس کے سلسلے میں چھاپے مارے تھے ۔