سوپور//
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور علاقے میں جمعہ کی شام ایک نابالغ لڑکی نالے میں ڈوب گئی۔
ایک سرکاری افسر نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ایک ۵سالہ بچی (نام ظاہر نہیں کیا گیا) ہب ڈانگر پورہ میں نالہ کرد میں پھسل کر ڈوب کر ہلاک ہو گئی۔
تاہم افسر نے بتایا کہ لڑکی کی لاش کو مقامی لوگوں اور پولیس نے نالے سے نکالا۔
دریں اثناء ایجنسی تک پہنچنے والی مقامی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ اس افسوسناک خبر کے پھیلتے ہی پورے گاؤں میں جذباتی مناظر دیکھے گئے۔
ایک پولیس افسر نے ایجنسی کو بتایا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
اس دوران جموں ضلع کے ڈگیانہ علاقے میں دو بہنیں نہر میں ڈوب جانے سے لقمہ اجل بن گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں کے ڈگیانہ علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب دو کمسن بہنیں پیر پھسل جانے کے باعث نہر میں ڈوب گئیں۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور کمسن بہنوں کو پانی سے باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
جوں ہی کمسن بہنوں کی لاشیں ان کے آبائی گاوں پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا بعد ازاں دونوں کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔