سرینگر/ 26 جولائی
مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں کوٹہ اور انتخابی ریزرویشن سے متعلق چار اہم بل بدھ کو پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔
لوک سبھا کی نظرثانی شدہ فہرست کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جموں و کشمیر تنظیم نو قانون، 2019 میں ترمیم کے لیے ایک بل پیش کریں گے۔
اس بل کا مقصد جموں و کشمیر اسمبلی میں تین نشستیں ‘دو کشمیری پنڈتوں کے لیے اور ایک پاکستانی مقبوضہ جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے لیے مخصوص کرنا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ جموں و کشمیر ریزرویشن ایکٹ 2004 میں ترمیم کا بل بھی پیش کریں گے۔
جموں و کشمیر ریزرویشن ایکٹ، 2004 ریاستی قانون ہے۔ پارلیمنٹ میں اس میں ترمیم کی جا رہی ہے کہ ’دیگر سماجی ذاتوں‘ کو ’دیگر پسماندہ طبقات‘ کا نام دیا جائے۔
شیڈول کے مطابق، مرکزی قبائلی امور کے وزیر‘ ارجن منڈا آئین (جموں و کشمیر) شیڈول ٹرائب آرڈر، 1989 میں مزید ترمیم کے لیے ایک بل پیش کریں گے۔
آئین (جموں و کشمیر) شیڈول ٹرائب آرڈر (ترمیمی) بل، 2023، پہاڑیوں، پڈریوں، گڈا برمن اور کولی قبائل کو شامل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف ڈاکٹر وریندر کمار آئین (جموں و کشمیر) شیڈول کاسٹس آرڈر (ترمیمی) بل، 2023 پیش کریں گے، جس میں والمیکی برادری کو جموں و کشمیر کی درج فہرست ذاتوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔