سرینگر//
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے جمعہ کو اپنے برطانوی ہم منصب سر ٹم بیرو پر زور دیا کہ وہ برطانیہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے افسران کو دھمکیاں دینے والے انتہا پسند عناصر کے خلاف ملک بدری جیسی سخت عوامی کارروائی کریں۔
ڈوول نے بیرو‘جو اس وقت ہندوستان کے دورے پر ہیں‘ کے ساتھ اپنی وسیع تر بات چیت کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا۔
دونوں قومی سلامتی کے مشیروں نے ون آن ون بات چیت کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔
خالصتان کے حامی گروپوں نے برطانیہ کے ساتھ ساتھ امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں سینئر ہندوستانی سفارت کاروں کے خلاف تشدد پر اکسانے والے پوسٹر جاری کیے ہیں۔
ہندوستان نے پہلے ہی ان تمام ممالک سے ہندوستانی سفارت کاروں اور اس کے مشنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کہا ہے۔
ایک ذریعے نے کہا’’ہندوستانی فریق نے برطانیہ میں انتہا پسند عناصر کی جانب سے ہندوستانی ہائی کمیشن کے انفرادی افسران کو دھمکیاں دینے کا معاملہ اٹھایا اور حکومت برطانیہ پر زور دیا کہ وہ ان عناصر کے خلاف سخت عوامی کارروائی کرے جیسے کہ ملک بدری یا قانونی چارہ جوئی‘‘۔
دونوں اطراف نے دہشت گردی اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں مشیروں نے اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ تعاون کو گہرا کرنے کا بھی عزم کیا۔