رائے پور//
وزیر اعظم‘نریندر مودی نے کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد کی کوششوں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ایسا کرنے سے وہ مودی کو ڈرا دیں گے تو انہیں سمجھنا چاہئے کہ جو ڈر گیا وہ مودی نہیں ہوتا۔
مودی نے سال کے آخر میں ہونے والے چھتیس گڑھ اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے بی جے پی کی سنکلپ ریلی کے ذریعے انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے آج یہاں کہا کہ جو لوگ پانی پی پی کر ایک دوسرے کو کوستے تھے ، وہی لوگ آپس میں اتحاد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ اگر سوچتے ہیں کہ ایسا کرکے مودی کو ڈرا سکیں گے ، ہلا سکیں گے تو ملک کے کرپٹ لوگ کان کھول کر سن لیں، اگر وہ کرپشن کی گارنٹی ہیں تو مودی کرپشن پر کارروائی کی گارنٹی ہیں۔
مودی نے کہا ’’جس نے بھی غلط کام کیا ہے وہ نہیں بچے گا۔ مجھ میں یہ کہنے کی ہمت ہے کیونکہ میرے پاس صرف وہی طاقت ہے جو آپ نے مجھے دیا ہے اس کے سوا کچھ نہیں ہے۔ وہ میرے پیچھا پڑیں گے ، میری قبر کھودنے کی دھمکی دیں گے ، لیکن وہ نہیں جانتے کہ جو ڈر گیا وہ مودی نہیں ہوتا‘‘۔
تقریباًآدھے گھنٹے کے اپنے خطاب میں مودی نے کانگریس پر سخت حملہ کیااور کرپشن کی ماں ہونے کا الزام کا اعادہ کیا۔
چھتیس گڑھ کی تعمیر میں بی جے پی کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی چھتیس گڑھ کے لوگوں کو سمجھتی ہے ، اور اس ریاست کو تیزی سے ترقی دے سکتی ہے ۔
مرکزی حکومت کی طرف سے سات ہزار کروڑ روپے کے آج افتتاح اور سنگ بنیاد رکھے گئے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رائے پور وشاکھاپٹنم اکنامک کوریڈور سے جڑ کر ریاست میں ہزاروں نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کے جھوٹے وعدے میں مکمل شراب بندی بھی شامل تھی، شراب بندی نہیں ہوئی، ہزاروں کروڑ کا شراب گھوٹالہ ضرور ہوا، اخبارات میں اس کی پوری معلومات بھری ہوئی ہے۔ شراب کے کمیشن کی رقم اکٹھی ہوئی ہے ، اور کہا جاتا ہے کہ یہ رقم کانگریس پارٹی کے کھاتے میں گئی ہے ۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ شراب گھوٹالہ کی رقم کی بندر بانٹ کی وجہ سے وزیر اعلیٰ کے ڈھائی سالہ فارمولے کو یہاں نافذ نہیں کیا جا سکا ہے ۔
مودی نے کہا کہ بی جے پی جو وعدے کرتی ہے اسے پورا کرتی ہے ، آیوشمان یوجنا کے ذریعے چھتیس گڑھ میں۴۰لاکھ لوگوں کا مفت علاج ہوا، غریبوں کو مفت راشن دیا جا رہا ہے ، یہ گارنٹی مودی کی طرف سے ہے ۔