جموں//
جموں کشمیر یو ٹی کی مساوی ترقی کیلئے ایک اور تاریخی فیصلے میں۹۳ء۲۲۱۲۶ کروڑ روپے کا ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ ۲۳۔۲۰۲۲ جو گذشتہ سال سے۷۵ فیصد زیادہ ہے‘ منظور کیا گیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا کی صدارت میں آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران تمام۲۰؍اضلاع کیلئے بے مثال ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کو منظوری دی گئی ۔
ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کی اہم خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پنچایتوں، بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی کی فعال شمولیت کے ساتھ باٹم اپ اپروچ اپناتے ہوئے پلان کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی منصوبہ کا کلیدی مقصد پنچایتی راج نظام کو بااختیار بنانا اور شراکتی انتظام کے ذریعے بنیادی سطح کی جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے ۔
سنہا نے کہا کہ پی آر آئی کو مضبوط کرنے کیلئے پنچایتوں کے حق میں ایک ہزار کروڑ روپے ، ڈی ڈی سیز کیلئے ۲۰۰ کروڑ روپے اور بی ڈی سیز کیلئے۲۵ء۷۱ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ یہ پی آر آئی کی فعال شرکت سے ہی ہم گذشتہ مالی سال میں۵۱۸۹۱ منصوبوں کو مکمل کرنے کا ریکارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ’یہ کامیابیاں بے مثال ہیں اور پی آر آئیز‘ عہدیداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی لگن اور ٹیم ورک کے بغیر ممکن نہیں تھیں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہدف کی بروقت تکمیل تبدیلی کی کلید ہے ۔
سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر انتظامیہ نے ’ جن بھاگیہ داری کو پروجیکٹ کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے عمل کا سنگ بنیاد بنایا ہے ۔ پہلی بار تفصیلی غور و خوض کے بعد پی آر آئی اور انتظامیہ کی اجتماعی کوششوں سے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے جو ہمارے لوگوں کی ترقی کی امنگوں کی صحیح عکاسی کرتا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ ہمارا مقصد ترقی کو ایک طاقتور عوامی تحریک بنانا ہے ، ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں کہ محروم طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد سماجی انصاف ، مساوات سے لطف اندوز ہوں اور سماجی و اقتصادی سیڑھی پر آخری آدمی کو مساوی مواقع ملیں ‘‘۔
سنہا نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ضلعی منصوبہ کے نفاذ میں شفافیت اور جوابدہی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے علاوہ نوجوانوں کی شمولیت کے کلیدی شعبوں پر توجہ مرکوز کریں ۔ صحت کے بنیادی ڈھانچے اور مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام کو اپ گریڈ کرنا ، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ، بنیادی سہولیات کی مضبوطی ، آر اینڈ بی ، آر ڈی ڈی منصوبوں کا بروقت نفاذ جس کا نتیجہ اجتماعی طور پر ہمارے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بلند کرنے کا باعث بنے گا ۔
محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے ضلع وار کیپیکس بجٹ کی تفصیلات بتائیں اور متعلقہ اضلاع کے بجٹ کے اجزاء کی وضاحت کی ۔