نئی دہلی//
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے انھیں کھرگون میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد، ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال، ماؤنواز کا مسئلہ، سلیپر سیل سے وابستہ دہشت گردوں کی گرفتاری سے متعلق واقعات سے لے کر تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور ’پرواسی بھارتیہ دیوس سمیلن‘ اور گلوبل انویسٹرس سمٹ کے لیے مدھیہ پردیش آنے کی دعوت دی۔
سات لوک کلیان مارگ پر واقع وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر تقریباً 45 منٹ تک چلنے والی اس ملاقات میں مسٹرچوہان نے مسٹر مودی کو اگلے سال 9 جنوری 2023 کو اندور میں منعقد ہونے والے ’پرواسی بھارتیہ دیوس سمیلن‘ میں شرکت کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا ۔اس سے پہلے 7 اور 8 جنوری کو اندور میں گلوبل انویسٹرس سمٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملاقات میں مسٹر چوہان نے ریاستی حکومت کی طرف سے قبائلیوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد مسٹر چوہان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو مدھیہ پردیش میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی بہبود کے کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وہ ’مَین آف آئیڈیاز‘ یعنی نئے خیالات اور تحریک کا ذریعہ ہیں۔ان کی رہنمائی ہمیں ملتی رہتی ہے۔ ہم ان کی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے جا رہے ہیں۔