سرینگر///
چھڑی مبارک کے محافظ مہنت دیپندر گری جی نے چھڑی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امسال یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ یاترا زیادہ اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سال دو شراون مہینے ہیں۔
مہنت گری نے کہا کہ یہ ۱۹سال بعد رونما ہونے والا ایک غیر معمولی فلکیاتی واقعہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سروانہ‘یا’ساون۴جولائی سے شروع ہو کر۳۱؍اگست تک جاری رہے گا۔
محافظ نے کہا کہ امسال ’شراون‘۵۹دنوں پر محیط ہوگا جس میں۸ساون سوموار ہوں گے جو عام طور پر ہر سال۴ہوا کرتی تھیں۔
چھڑی مبارک سے متعلق رسوم کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسب روایت قدیم ’بھومی پوجن‘، نوگرہ پوجن‘اور ’دھوا جاروہن‘کو آشد پورنیما کے موقع پر۳ جولائی کو پہلگام میں انجام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھڑی مبارک کو۱۶؍اگست کو تاریخی شنکر اچاریہ مندر پہنچایا جائے گا اور اگلے روز اس کو بھوانی مندر لے جایا جائے گا۔
مہنت گری نے کہا کہ۱۹؍ اگست کو یہاں شری امریشور دشنامی اکھاڑہ میں’چھڑی استھاپنا‘کی رسومات ادا کی جائیں گی۔
دشنامی اکھاڑہ سرینگر میں۲۱ ؍اگست کو’ناگ پنچمی‘کے موقع پر’چھڑی پوجن‘کی انجام دہی کے بعد مہنت جی سادھوئوں اور یاتریوں کے ساتھ ’پوجن‘اور’درشن‘کرنے کیلئے چھڑی مبارک کو’شراون پورنیما‘کے موقع پر۳۱؍اگست کو امرناتھ گھپا پر لے جائیں گے ۔
مہنت گری نے کہا کہ چھڑی مبارک یاترا کے دوران۲۶؍اور۲۷؍اگست کو پہلگام میں‘۲۸؍اگست کو چندن واڑی‘ ۲۹؍اگست کو شیش ناگ اور ۳۰؍اگست کو پنچترانی میں رات کا قیام کیا جائے گا۔انہوں نے چھڑی مبارک یاترا میں حصہ لینے کا ارادہ رکھنے والے سادھوئوں اور دوسرے سول سوسائٹی ارکان کو اس کیلئے رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مہا دیو گر دشنامی اکھاڑہ ٹرسٹ سرینگر نے حسب سابق امسال بھی شری امرناتھ جی یاترا کیلئے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سادھوئوں کیلئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔
مہنت گری نے کہا کہ اکھاڑہ بلڈنگ واقع بڈشاہ چوک سری نگر میں ان کیلئے قیام و طعام کا مناسب بندوبست کیا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں۳ہزار۸سو۸۰میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو۳۱؍اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔