سرینگر/۲۷ جون
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ عید محبت اور بھائی چارے کا تہوار ہے جو امن اور آشتی کا پیغام پھیلاتا ہے۔
سنہا نے یہ بات ڈل جھیل کے قریب واقع حضرت بل درگاہ پر عید الاضحی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ ”یہ محبت اور بھائی چارے کا تہوار ہے“۔
سنہا نے کہا”جموں و کشمیر میں عید کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میں نے انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی ہے جس میں وقف بورڈ کے چیرپرسن بھی موجود تھےں۔ ہم نے عید کے لیے صفائی، پانی اور بجلی کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔ میرے خیال میں یہ ایک ایسا تہوار ہے جو امن اور سکون کا پیغام پھیلاتا ہے“ ۔
جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن درخشاں اندرابی، جو سنہا کے ساتھ تھےں، نے کہا کہ ایک خوشگوار اور خوشحال عید کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے درگاہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے نماز ادا کرنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں آنے والے عقیدت مندوں کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔