سرینگر//
وفاقی وزیر داخلہ‘امیت شاہ‘ جن کا جموں کشمیر کا دو روزہ دورہ آج مکمل ہو گیا ہے‘ نے کہا ہے کہ یو ٹی ملک کے بہادروں کی ناقابل تسخیر ہمت اور شجاعت کی سرزمین ہے‘‘۔
اپنے دورے کے دوسرے دن وزیر داخلہ نے سرینگر کی پرتاپ پارک میں ’بلی دان استمبھ‘ کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے جموں وکشمیر پولیس کے شہداء کے کنبہ اراکین سے ملاقات کی اور انہیں تقرری نامے تقسیم کئے۔
بعد ازاںشاہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’جموںکشمیر ملک کے بہادروں کی ناقابل تسخیر ہمت اور شجاعت کی سرزمین ہے، ایسے سورماؤں کی شجاعت کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے لیے ہی آج سرینگر میں واقع پرتاپ پارک میں ’بلی دان استمبھ‘ کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔یہ استمبھ شہداء کی یادوں کو ہمیشہ زندہ رکھ کر نوجوانوں کے درمیان حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرے گا‘‘۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا ’’جموں وکشمیر پولیس کے متعدد جوانوں کی شہادت، جنہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے اور معصوم شہریوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دے دی، اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر اور اس کے عوام امن کے تئیں پابند عہد ہیں۔ آج، جموں و کشمیر پولیس کے شہداء کے کنبہ اراکین سے ملاقات کی، اور جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے شہداء کے قریبی رشتے داروں کو تقرری نامے تقسیم کیے۔ ‘‘
قبل ازیں ہفتے کی صبح شاہ نے یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے بالتل کا دورہ کیا۔
شاہ نے کہا کہ گذشتہ روز سرینگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی اور شام کو ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
وزیر داخلہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’سری نگر میں سیکورٹی کا جامع جائزہ لیا، سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ایجنسیوں کے کثیر الجہتی انداز اپنانے کو دیکھ کر خوشی ہوئی‘‘۔
شاہ کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا’’جموں وکشمیر میں مسلسل امن اور استحکام وزیر اعظم نریندر مودی کے طے کردہ اہم اہداف میں سے ایک ہے ‘‘۔
مرکزی وزیر داخلہ جمعہ کے روز جموں پہنچے جہاں انہوں نے بھگوتی نگر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا اور کئی پرجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا۔
وزیر داخلہ جموں و کشمیر کے دورے کے لئے جمعہ کی صبح جموں پہنچے تھے جہاں انہوں نے بھگوتی نگر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب بھی کیا۔