سرینگر//
وادی میں ہفتہ کو بھی گرمی کا زور برابر جاری رہا ‘ تاہم شا م کو سرینگر میں تیز ہوائیں چلیں جبکہ بوندا باندی بھی ہو ئی ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر میں جاری جھلسانے والی گرمی سے لوگوں کو۲۶جون سے راحت نصیب ہونے کا امکان ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وادی میں ایک اور گرم دن رہا اور سرینگر میں پارہ ۸ء۳۴ ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔
سرینگر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ہفتہ کی شام کو تیز ہوائیں چلنے لگیں جس سے بجلی سپلائی میں خلل پڑ گیا ۔ تیزہواؤں کا سلسلہ دیر تک جاری رہا جس دوران بوندا باندی بھی ہو ئی ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں جاری گرمی کا زور۲۶ جون سے ٹوٹ جانے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۲۵جون کی شام سے۲۸جون تک بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بھاری بارشوں کا امکان ہے ۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے جس سے لوگوں کو رات کے دوران بھی گرمی پریشان کرتی ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۲۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۶ء۶ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۱۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۵ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۲۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۷ء۵ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔