سرینگر///
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سنہا نے جمعے کے روز کہا کہ یونین ٹریٹری میں امن اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔
سنہا نے جموں وکشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی امر ناتھ جی یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو کشتواڑ میں فلم تھیٹر کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا ۔
سنہا نے کہا کہ کشتواڑ میں فلمی سیاحت کیلئے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور یہ کہ فلم تھیٹر کے قیام سے مقامی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ فلم پالیسی جیسے اہم اقدامات، مختلف اضلاع میں سنیما ہال کھولنے سے یونین ٹریٹری میں ایک متحرک فلمی ماحولیاتی نظام تشکیل پائے گا۔
سنہا نے کہا’’آج جموں کشمیر فلم سازوں کیلئے سب سے پسندیدہ مقام بن گیا ہے اور گزشتہ سال زائد از تین سو فلمیں اور ویب سیریز یہاں پر شوٹ کی گئیں‘‘ ۔انہوں نے کہاکہ فلم سازی سے مقامی نوجوانوں کو بھی مواقعے فراہم ہونگے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ جموں کشمیر میں جولائی کے مہینے میں مزید تین سنیماہال کھولے جائیں گے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سینما ہال نوجوانوں کیلئے معلومات اور خیالات کے تبادلے کا مرکز بھی بنیں گے ۔
سنہا نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں روزگار فراہم کرنے کی خاطر موجودہ حکومت کوشاں ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم ان کی مجموعی ترقی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے پوری طرح پر عزم ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کے کامیاب انعقاد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسے جی۲۰سربراہی اجلاس کی طرح کامیاب بنائیں۔