جموں/۲۲جون
مرکزی وزیر داخلہ‘امت شاہ 23 اور 24 جون کو جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ جموں اور سرینگر میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔
وزیر داخلہ جمعہ کی صبح جموں میں بی جے پی کے نظریہ ساز اور بھارتیہ جن سنگھا کے بانی سیاما پرساد مکھرجی کے مجسمے پر پھول چڑھا کر مرکزی زیر انتظام علاقے کے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔
اس کے بعد شاہ سانبہ میں سینٹرل فارنسک سائنس لیبارٹری کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ شہر میں مختلف ترقیاتی سکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ دوپہر میں مرکزی وزیر داخلہ سری نگر جائیں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے لیے راج بھون میں ایک تقریب میں شرکت کریں گے۔
بعد ازاں، وہ شہر میں مرکزی وزارت ثقافت کی طرف سے منعقد کیے جانے والے ’ویتستا‘ میلے میں شرکت کریں گے۔
ہفتہ کو، وزیر داخلہ قومی راجدھانی واپس آنے سے پہلے سری نگر میں ’ولیدان ستمبھ‘کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ (ایجنسیاں)