جموں//
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ کا کہنا ہے کہ یوگا دنیا بھر میں محبت اور امید کی ایک علامت بن گیا ہے ۔
سنگھ نے کہا کہ یوگا کے دنیا بھر میں مقبول ہونے کا سہرا وزیر اعظم نریند مودی کے سر جاتا ہے ۔
مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں بین الاقوامی یوگا دن پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
سنگھ نے کہا کہ امسال یوگا کی تھیم ایک فیملی، ایک زمین اور ایک مستقبل ہے ۔ان کا کہنا تھا’’ متنوع تہذیبوں، زبانوں، لباس اور غذا کے باوجود ہوگا نے دنیا کو مجتمع کیا ہے اور یوگا محبت اور امید کی علامت بن کر سامنے آیا ہے‘‘۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ صحت، ذہنی تندرستی اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے ایک ذریعہ کے طور پر طبی برادری نے یوگا کی کافی تائید کی ہے ۔
سنگھ نے کہا’’یوگا ہماری صحت، ذہنی صلاحیتوں اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بناتا ہے اور اپنی حقیقی صلاحیتوں کو سامنے لاتا ہے ‘‘۔
امرناتھ جی یاترا کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ سرکار نے یاترا کیلئے مناسب تیاریاں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی ۶۲دنوں پر محیط یہ یاترا اپنے آپ میں یہ پیغام ہے کہ سرکار اس کے انعقاد کیلئے پر اعتماد ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یاتریوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے امسال بھاری تعداد میں یاتریوں کے آنے کی توقع ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔