سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے نویں بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر بدھ کے روز یہاں بوٹینکل گارڈن میں یوگا تقریب کی قیادت کی۔
سنہانے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ صحت مند اور تنائو سے پاک زندگی گذارنے کیلئے ہر کسی کو یوگا اپنے روز مرہ کے معمولات کا ایک حصہ بنانا چاہئے ۔
ان کا کہنا تھا’’یوگا برائے واسودھا ئیو کٹمبکم، ایک دنیا، ایک صحت، اس سال کا تھیم وزیر اعظم نریندر مودی جی کے’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘ کے وژن کو اجا گر کرتا ہے ‘‘۔
سنہا نے کہا کہ یوگا انسانیت کو ہندوستان کا عظیم ترین تحفہ ہے اور اس نے مذہب، مسلک اور جغرافیائی حدود کو پار کرکے انسانوں کی زندگیوں کو خوشیوں سے مالا مال کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہارشی پتنجلی کا پہلا سترا نظم و نسق اور دوسرا ذہن کا توقف یوگا سمجھنے کی کلید ہے ۔
ایل جی کا کہنا تھا’’عظیم بابا مہارشی پتنجلی کا مشاہدہ ہے کہ ہمارے جسم اور ذہن میں انتشار ہی تنائو، بے چینی، جسم میں سوزش اور امراض قلب کی بنیادی وجہ ہے اور یوگا ہمارے جسم اور ذہن میں ہم آہنگی لاتا ہے ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوگا صرف ایک جسمانی ورزش نہیں ہے بلکہ یہ جسم و دماغ اور فطرت کے درمیان اتحاد کی علامت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہتر صحت کے لئے علاج کی بنیادوں پر استوار اس بھر پور اور قدیم روایت کو طبی سائنس اور محققین نے روایتی نظام طب کی ایک منفرد اور نمایاں مشق کے طور پر قبول کیا ہے جس کے ہر عمر کے لوگوں کے لئے جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے زبردست فائدے ہیں۔
سنہا کا کہنا تھا کہ یوگا کے لئے جسمانی و ذہنی دونوں میں نظم و ضبط کی ضرورت ہے تاکہ جسم اور ذہن الگ الگ کام نہ کریں بلکہ ایک مربوط انداز میں کام کریں۔
ایل جی نے کہا کہ یوگا ایک ایسا وسیلہ ہے جس سے ایک انسان کی زندگی گذارنے کے طریقے میں تبدیلی آسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوگا کو انسانوں کو صحت مند رہنے کے لئے ہمیشہ مدد کی ہے ۔