کپواڑہ//
پولیس نے بدھ کو بتایاکہ فوج کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن میں کپواڑہ کے لولاب علاقے میں ایک پرانی خفیہ کمین گاہ کا پردہ فاش کیا گیاجس کے نتیجے میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ۔
کپواڑہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) یوگل منہاس نے بتایا کہ کنگور نالہ، ٹیکی پورہ کے علاقے میں ایک پرانے ٹھکانے اور کچھ اسلحہ و گولہ بارود کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لولاب میں تعینات ۲۸ آر آر نے مذکورہ علاقے میں فوری طور پر تلاشی مہم شروع کی۔
’’۶جون کو مکمل تلاشی کے باوجود کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ تاہم، ذرائع کو خفیہ ٹھکانے اور اسلحہ، گولہ بارود کی موجودگی کا کافی یقین تھا۔ اس لیے، سی او اور اسپیشل فورسز کے تحت آر آر کے اضافی کالموں کو ابتدائی گھنٹوں میں شامل کیا گیا۔ ۷جون کووت ٹاپ اسٹرائیڈ کنگور نالہ سے علاقے کی دوبارہ تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں کنگور نالہ پر ایک خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش ہو گیا۔
خفیہ خانے سے برآمد ہونے والے سامان میں روسی ساخت کا ایک یو بی جی ایل‘ایک یو بی جی ایل گرینیڈ ‘ چینی ساخت کا۶۱ٹائپ گرینیڈ ‘چینی ساخت کے دو ہینڈ گرنیڈ ‘اے کے ۴۷ کے دو میگزین‘۶۲ء۷؍ ایم ایم اے کے ۴۷ کے۶۰ راؤنڈز ‘ بنو ایک‘ پاؤچ ایک شامل ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ کامیاب بازیابی نے یقینی طور پر دہشت گردوں کی طرف سے ایک مشتبہ مہم جوئی اور علاقے میں امن و سکون کو خراب کرنے کی ان کی مذموم کوششوں کو روک دیا ہے۔
منہاس نے مزید کہا’’اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔‘‘