سرینگر//
وادی میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کسان طبقے کو گوناگوں پریشانیاں لاحق ہوئی ہیں۔
موسمیات محکمے کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران رک رک کر بارشیں ہوں گی اور اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری اور کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۲ جون تک موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے ۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنے تمام آپریشنز جیسے فصل کٹائی، دوا پاشی وغیرہ معطل رکھیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں۲ء۱۶ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں۶ء۷ملی میٹر، گلمرگ میں۸ء۸ملی میٹر، کپوارہ میں۶ء۱۰ملی میٹر اور پہلگام میں بھی بوندا باندی ہوئی ہے ۔
ادھر نا ساز گار موسمی صورتحال کے بیچ وادی میں شبانہ درجہ حرارت کہیں معمول سے کم تو کہیں معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے ۔گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۹ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۶ء۲ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۹ء۰ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
دریں اثنا وادی میں مسلسل بارشوں سے کسان طبقہ پریشان نظر آ رہا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ جہاں ایک طرف دھان کی پنیری خراب ہو رہی ہے وہیں فصلیں بھی کاٹی نہیں جا رہی ہیں جس سے ان کو نقصان کے خطرات لاحق ہیں۔