جموں/۲۰؍اپریل
جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ایک ٹرک گہری کھائی میں گرجانے سے اس کا ڈرائیور بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن میں سرینگر‘ جموں شاہراہ پر خونی نالے کی نزدیک بدھ کی صبح ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔متوفی ڈرائیور کی شناخت فی الوقت معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرک جموں سے سری نگر جا رہی تھی اور اس میں الیکٹرک کھمبے بھرے ہوئے تھے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور کیو آر ٹی رضا کاروں نے بچاؤ آپریشن شروع کر دیا اور لاش کو کھائی سے باہر نکالا۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ بعد میں لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں ٹرک پوری طرح سے تباہ ہوگئی ہے ۔