سرینگر//
جنوبی ضلع اسلام آبادکے وتہ نار کوکر ناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں ایک فوجی ہلاک ہوا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وتہ نار کو کر ناگ میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر اس گاوں کو ہفتے کی سہ پہر کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جونہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی گولیاں لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوا اگر چہ اُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
معلوم ہواہے کہ سیکورٹی فورسز نے وتہ نار کوکر ناگ کے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس ، سی آر پی ایف اور راشٹریہ رائفلز کی اضافی کمک کو بھی روانہ کیا گیا ہے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک گاوں میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔
دریں اثنا مقامی خبر رساں ایجنسی ‘کشمیر نیوز سروس کے مطابق علاقے میں ملی ٹینٹ ایک مکان میں ہیں اور آپریشن جاری ہے۔
پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ایجنسی نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کی تعداد ایک سے زیادہ ہو سکتی ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے کہا’’انکاونٹراسلام آباد ضلع کے کوکرناگ علاقے وتنار میں شروع ہوا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز علاقے میں تعینات کر دی گئی ہیں‘‘۔
اس سے قبل علاقے میں جنگجوؤںکی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔جیسے ہی فورسز مشتبہ علاقے میں پہنچی تو چھپے ہوئے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ آخری اطلاع ملنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا ۔