سرینگر//
قومی یوم پنچایتی راج کے موقع پر۲۴؍ اپریل کو وزیراعظم نریندر مودی جموں و کشمیر میں سانبہ ضلع کے پلی پنچایت میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کے دورہ سے قبل پلی پنچایت کے مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ گاؤں کو گذشتہ چار روز سے سجایا جارہا ہے۔ جب کہ گاؤں کی رابطہ سڑک پر ہنگامی طور پر میگڈم بچھایا گیا۔
مقامی اسکول کی مرمت کا کام بھی جاری ہے اور گلی کوچوں کی بڑے پیمانہ پر صفائی کی جارہی ہے۔ یہاں اے ٹی ایم مشین کو بھی نصب کیا گیا اور ایمرجنسی ہسپتال کی عارضی طور تعمیر کی جارہی ہے جب کہ گھروں کو صاف پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔
پلی پنچایت کے لوگوں کا کہنا ہیں کہ گذشتہ چار روز کے دوران گاؤں کا نقشہ ہی بدل گیا ہے۔ گاؤں میں تیزی سے ترقیاتی کام انجام دیے جارہے ہیں۔ سڑک پر تارکول ڈالا گیا ہے۔ اے ٹی ایم مشین کو نصب کیا گیا، اسکول کی مرمت کی گئی اور گاؤں میں موجود صدیوں پرانے تالاب کی صفائی کی گئی جو کہ انتہائی گندہ ہوچکا تھا۔
یہاں انتہائی قلیل مدت کے دوران صرف۲۰ دن میں ایک شمسی پلانٹ بھی لگایا گیا۔ ۵۰۰ کلو واٹ کے سولر پلانٹ ۶۴۰۸ مربع میٹر رقبہ پر تعمیر کیا گیا جہاں سے پنچایت کے۳۴۰ مکانات کو بجلی سپلائی کی جارہی ہے۔
اس طرح حکومت ہند کے ’گرام اور جاسوراج پروگرام‘ کے تحت یہ پہلی کاربن نیوٹرل پنچایت بن گئی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے چند روز قبل پلی پنچایت کا معائنہ کیا تھا جہاں وزیراعظم نریندر مودی اس مہینے کی ۲۴ تاریخ کو ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ یہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔
یہ پہلی بار ہے کہ وزیراعظم ’قومی یوم پنچایتی راج‘کے موقع پر جموں میں ہوں گے، جو ہر سال ۲۴؍ اپریل کو منایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ جموں میں اس سال پنچایت راج دیوس کی تقریب کے لیے جموں کی پلی پنچایت کا انتخاب کیا گیا اور کسانوں، سرپنچوں کے علاوہ گاوں کے سربراہان کے لیے تازہ ترین اختراعات کی نمائش کی جائے گی جس کا مقصد ان کی آمدنی اور پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔