بھونیشور//صدر دروپدی مرمو نے جمعرات کو منشیات کی لت کو ایک بیماری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سماجی، معاشی، جسمانی اور ذہنی لعنت اور سماج کی سب سے بڑی دشمن ہے ۔
اوڈیشہ میں میور بھنج ضلع کے ہتبادارا میں برہما کماری سنٹر کی ‘نشہ سے پاک اوڈیشہ’ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے محترمہ مرمو نے کہا کہ لوگوں کو منشیات کی لت اور منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کرنا ایک نیک مقصد ہے ۔ نشہ خاندان کو تباہ کرتا ہے اور معاشرے میں تناؤ پیدا کرتا ہے ۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جب لوگ منشیات کے استعمال کے برے اثرات کو سمجھیں گے تو وہ اسے چھوڑنے کی کوشش ضرور کریں گے ۔ صدر جمہوریہ نے روحانیت کے ذریعے ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر میں مشغول ہونے کے لیے برہما کماری سنٹر کی ستائش کی اور ‘نشے سے پاک اوڈیشہ’ مہم کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔