سرینگر//
ملک میں کورونا کے معاملات میں کمی اور اسکولوں میں معمول کی تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے کے ساتھ ہی جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات میں طلباء کو دی گئی نرمی واپس لے لی ہے۔
گزشتہ دو برس سے کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ صورتحال کے نتیجے میں تعلیمی ادارے طویل عرصے تک بند تھے۔ ایسے میں بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے کووِڈ۱۹ کے دوران امتحانات میں شرکت کیلئے طلباء کو سالانہ امتحانات میں رعایت دی تھی، جس کو امسال واپس لیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر فاروق احمد پیر کے ذریعہ جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مختلف بورڈ امتحانات میں بیٹھنے کے لیے کووڈ۱۹ کی وجہ سے طلباء کو دی جانے والی رعایتیں واپس لے لی گئی ہیں۔ ایسے میں بورڈ نے طلباء کو مطلع کیا ہے کہ اب سے تمام امتحانات بغیر کسی نرمی کیلئے جائیں گے۔
بورڈ نے گزشتہ برس سالانہ امتحانات میں دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے جموں و کشمیر کے سرمائی زون میں طلباء کو۳۰ نمبرات دینے کا فیصلہ کیا تھا جب کہ۲۱۔۲۰۲۲ کے سالانہ امتحانات میں۷۰ فیصد نمبرات حاصل کرنے والے طلباء کے ۱۰۰ فیصد نمبرات تصور کیے گئے تھے۔