سرینگر//(ویب ڈیسک)
مسجد حرام میں موجود ساؤنڈ سسٹم دنیا کے سب سے بڑے اورصوتی نظاموں میں سے ایک ہے۔ اس سسٹم میں۷۵۰۰؍ اسپیکرمنسلک ہیں جو مسجد حرام میں اذان اور نماز کی آواز کو حرم مکی کے اندر اور باہر منتقل کرتے ہیں۔
مسجد حرام کے آپریشن اور مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ میں الیکٹرانک بزنس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ‘انجینئر سعید العمری نے وضاحت کی کہ مسجد میں آڈیو سسٹم دنیا کے سب سے بڑا اور سب سے ضخیم ساؤنڈ سسٹم ہے۔
العمری کاکہنا ہے کہ یہ نظام انتہائی احتیاط اور مہارت کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے۔جگہ کی ضرورت کے پیش نظر جدید صوتی آلات نصب کیے گئے ہیں اور اس نظام کی روزانہ کی بنیاد پردیکھ بھال اور انتظام اعلیٰ ترین سطح پر تربیت یافتہ ماہرین کے ذریعے کیا جاتا ہے، تاکہ آڈیو سگنل اس سسٹم کے ذریعے بیت اللہ میں آنے والے تمام زائرین تک پہنچ سکیں۔
الیکٹرانک بزنس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسجد حرام میں آڈیو سسٹم کی کوریج محفوظ اور انتہائی موثر ہے جس میں خرابی کا امکان بہت کم ہے۔ ان کاکہنا ہے’’مسجد میں آواز کی حساسیت کیلئے ایک بنیادی، بیک اپ اور ایمرجنسی سسٹم موجود ہے اور بنیادی نظام میں خرابی کی صورت میں غیر محسوس طریقے سے بیک اپ سسٹم پر منتقل ہوجاتا ہے۔مرمت کے بعد اسے دوبارہ پہلے سسٹم پر منتقل کردیا جاتا ہے۔ تمام آڈیو مقامات کے لیے بجلی کی بندش کو یقینی بنانے کے لیے پورا آڈیو سسٹم اعلیٰ صلاحیت والے یو پی ایسیز سے منسلک ہے۔
العمری نے کہا کہ ان سسٹمز کے انجینئرز، ٹیکنیشنز، سپروائزرز اور آپریٹرز کے۶۵ سے زیادہ خصوصی آپریشنل ماہر موجود ہیں جو آواز کو صاف اور واضح طورپر حرم مکی کے تمام مقامات اور سامعین تک پہنچانے میں مصروف عمل رہتے ہیں۔
مسجد حرام کے ساؤنڈ سسٹم کو ایک مرکزی آپریشنل کنٹرول روم سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ حرم مکی میں کہیں بھی آواز کی خرابی کی صورت میں عملہ ایک دوسرے کے ساتھ انٹر کام کے ذریعے رابطے میں رہتا ہے۔
الیکٹرانک بزنس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ مسجد حرام کا الیکٹرانک صوتی سسٹم اعلی درستگی کی خصوصیت رکھتا ہے۔
اس دوران حرمین شریفین کے امور کی انتظامیہ کی جانب سے چھڑکاؤ والے ۲۵۰ پنکھے فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کا مقصد اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے سلسلے میں مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں فضا کو سکون بخش بنانا ہے۔
یہ پنکھے مسجد حرام اور مسجد نبوی کے صحنوں میں گرم اور خشک ہوا کو مناسب بناتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے ہوا کو پانی کے چھڑکاؤ کے ذریعے ٹھنڈا کرنے کی ٹکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔
چھڑکاؤ والے ان پنکھوں کا استعمال کھلی جگہوں پر ہوتا ہے۔ یہاں پر ایک پریشر پمپ کے ذریعے بڑے دباؤ کے ساتھ پانی کو خصوصی پائپ لائنوں میں چھوڑا جاتا ہے۔ بعد ازاں یہ ہر پنکھے میں نصب کلیننگ فلٹر سے گزرتا ہے اور پھر پانی ٹھنڈی پھوار کی شکل میں پنکھوں سے باہر آتا ہے۔
مسجد حرام کے صحنوں میں تقسیم کئے گئے ان چھڑکاؤ کے پنکھوں کی تعداد ۲۵۰ ہے۔ یہ پنکھے زمین سے تقریبا ً۴ میٹر کی بلندی پر نصب کیے گئے ہیں۔ یہ پنکھے۱۰ میٹر کے فاصلے تک پانی کے چھڑکاؤ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کو نماز کے اوقات میں، مسجد حرام کے صحنوں میں ہجوم کے وقت اور درجہ حرارت بڑھنے پر چلایا جاتا ہے۔
کھلے مقامات پر فضا کو مناسب بنانے کیلئے سب سے زیادہ آزمودہ اور مؤثر طریقہ چھڑکاؤ والے پنکھوں کا استعمال ہے۔ ان کے ذریعے باہر کا درجہ حرارت۶ ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کیا جا سکتا ہے۔