سرینگر//
پولیس نے فوج کے ساتھ مل کر سوپور میں کالعدم دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ایک دہشت گرد کے معاون کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے قبضے سے اشتعال انگیز مواد اور ایک دستی بم برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق مخصوص معلومات پر عمل کرتے ہوئے، پولیس اسٹیشن تارزو ہ کے دائرہ اختیار میں ریلوے کراسنگ پل کے قریب ہیگام میں پولیس اور آرمی نے تلاشی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روکا جس نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن الرٹ جوائنٹ پارٹی نے اسے حکمت کے ساتھ پکڑ لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے قابل اعتراض مواد اور ایک دستی بم برآمد ہوا۔ اس کی شناخت فاروق احمد وانی ولد ابراشد وانی ساکنہ واگوب ہیگام کے طور پر کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہ کالعدم دہشت گرد تنظیم ‘جیش محمد کے دہشت گرد ساتھی کے طور پر کام کر رہا تھا اور سیکورٹی فورسز اور باہر کے ملازمین سمیت عام شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کرنے کے موقع کی تلاش میں تھا۔
اس کے مطابق، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر۴۰/۲۰۲۳ تھانہ ترزو میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔