سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق بدھ کی سہ پہر سے وادی کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور اوپری پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوئی جس وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں ایک دفعہ پھر اضافہ دیکھنے کو ملا۔شمالی کشمیر کے تلیل میں یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف و باراں کا سلسلہ جاری تھا۔
اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں بدھ کی سہ پہر سے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور اوپری پہاڑوں پر برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ وادی کے اوپری پہاڑوں پر تازہ برف باری کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ بدھوار دیر شام شمالی کشمیر کے تلیل میں برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا۔ماہرموسمیات فیضان عارف نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی کے پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات شام تک وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف و باراں کا امکان ہے۔ان کے مطابق کہیں کہیں پر تیز ہوائیں چلنے اور ڑالہ بھاری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں۲۸؍اپریل تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۲۸؍اپریل تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشیں جبکہ شمالی وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری متوقع ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۲۹؍ اور۳۰؍اپریل کو بھی موسم ابر آلود بھی رہ سکتا ہے جس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔باغ ملکان سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ یکم مئی تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کریں۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے ۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۹ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۴ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت ۲ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۸ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۶ء۲ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۶ء۲ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں۵ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔