دنتے واڑہ/26 اپریل
چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ ضلع دنتے واڑہ میں گشت سے واپس لوٹتے ہوئے فوجی جوانوں کی گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس میں سکیورٹی فورس کے 11 اہلکار شہید اور چند دیگر جوان زخمی بھی ہوگئے ۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کے آرن پور علاقے میں گشت سے واپس آنے والے سلامتی دستہ کے اہلکار آج دوپہر واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نکسلیوں نے دھماکے سے اڑا دیا، جس میں گاڑی کے ڈرائیور سمیت 11 فوجی جوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ کچھ جوانوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینس کے ساتھ سکیورٹی فورس کے اضافے دستے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
واقعہ ضلع ہیڈکوارٹر سے 50 کلومیٹر دور جنگلاتی علاقہ میں بتایا گیا ہے ۔ ایک طویل عرصے کے بعد ریاست میں نکسلیوں کے حملے میں اتنی بڑی تعداد میں سلامتی دستہ کے جوان شہید ہوئے ہیں۔
اس دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل سے بات چیت کرکے ریاست میں ما¶نوازوں کے حملے کے بعد صورتحال کے بارے میں دریافت کیا اور مرکز کی طرف سے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
ذرائع کے مطابق اس واقعہ کے بعد مسٹر شاہ نے مسٹر بگھیل کو فون کیا اور حالات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریاست کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد جوانوں کی گاڑیوں میں استعمال کیا گیا ہے ۔