سرینگر//
جنوبی ضلع شوپیاں کے کنی پورہ گاوں میں فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں۲؍اہلکاروں کی موقع پر اور ایک کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی جبکہ چار زخمی ہوئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بادی گام زینہ پورہ شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم شروع ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ۴۴آر آر سے وابستہ فوجی اہلکار سومو میں سوار ہو کر زینہ پورہ کی طرف جا رہے تھے کہ کنی پورہ کے مقام پر گاڑی اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں اُس میں سوار سات اہلکار زخمی ہوئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے دو فوجیوں کو مردہ قرار دیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت حولادار رام اوتار اور سپاہی پون گوتم کے بطور ہوئی ہے ۔ حادثے میں زخمی ہوئے مزید ۲؍اہلکاروں کو انتہائی نازک حالت میں بادامی باغ ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا جہاں ایک زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔