سرینگر//
جموںکشمیر میں کورونا معاملات میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر میں بدھ کو منعقدہ میٹنگ میں احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا۔
میٹنگ کی صدارت جی ایم سی سرینگر کے پرنسپل‘ پروفیسر مسعود تنویر نے کی جبکہ مختلف کلینکل محکموں کے سربراہ اور جی ایم سی سے وابستہ ہسپتالوں کے میڈیکل سپر انٹنڈںٹ بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔
میٹنگ کے دوران میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں نے اپنے اپنے ہسپتالوں میں کورونا کے متعلق تیاریوں جیسے بستروں، آکسیجن بستروں، ساز سامان، آپریشن طریقہ کار وغیرہ کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں اور اس کے علاوہ محکموں کے سربراہوں نے احتیاط تدابیر پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
جی ایم سی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران علامات والے مریضوں کی آر ٹی پی سی آر اور آر اے ٹی ٹیسٹنگ بڑھانے اور جراحیوں کے طریقہ کار کے متعلق معاملات پر تفصیلی بحث کی گئی۔
میٹنگ کے دوران کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے خاص طور پر ہسپتالوں اور دوسرے ہیلتھ کیئر سینٹروں میں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا گیا۔
ہسپتال انتظامیوں سے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے ہسپتالوں میں کورونا معاملات کے لئے الگ جگہیں رکھیں۔