ممبئی// ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) کی اپیکس کونسل نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں اس جگہ پر ایک ‘یادگار’ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں مہندر سنگھ دھونی کے چھکے نے ہندوستان کو 2011 کے ورلڈ کپ فائنل میں جیت دلائی تھی ۔
کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق، مشہور اسٹیڈیم میں ایک خصوصی نشست بھی دھونی کے نام پر رکھی جائے گی۔
ایم سی اے کے صدر امول کالے نے کہا کہ جس جگہ پر دھونی نے سری لنکا کے خلاف چوٹی کے مقابلے میں میچ جیتنے والا چھکا لگایا تھا اس کی نشاندہی کی گئی ہے اور دھونی کے نام سے منسوب ایک مستقل سیٹ کا انتخاب متفقہ طور پر سابق ہندوستانی کپتان کے اعزاز کے لیے کیا گیا ہے۔
تاہم، ایم سی اے نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ ‘یادگار’ کا افتتاح کب کیا جائے گا۔مسٹر کالے نے کہا کہ ایم سی اے دھونی سے رابطہ کرے گا اور ان سے مناسب وقت طلب کرے گا۔
واضح رہے کہ ٹیم انڈیا نے 2011 کے ورلڈ کپ کے ٹائٹل میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر عالمی چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا تھا۔