سرینگر//
پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے ڈورو علاقے میں ایک ناکے کے دوران ایک کار، جس کا ڈرائیور پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہوگیا، سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے گذشتہ شام محمود آباد ڈورو علاقے میں ناکہ لگا دیا تھا اور اس دوران مخالف سمت سے آرہی ایک گاڑی پولیس کو دیکھتے ہی رک گئی۔انہوں نے کہا کہ اس مشکوک نقل و حمل کو دیکھ کر پولیس نے ہوا میں گولیوں کے کچھ راؤنڈ چلائے ۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم گاڑی کا ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے موقع سے فرار ہوگیا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ نامعلوم شخص کی طرف سے چھوڑی گئی اس گاڑی کی تلاشی کے دوران سرخ رنگ کا ایک بیگ پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس بیگ سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔
بر آمد شدہ اسلحہ میں ایک اے کے۵۶شارٹ بیرل، دو اے کے میگزین، دو پستول، تین پستول میگزین، چھ ہینڈ گرینیڈ، اے کے۴۷رائفل کی۴۴گولیاں، نو ایم ایم بارود کے۵۸راؤنڈ شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈورو اسلام آباد میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مفرور شخص کو پکڑنے کے لئے مزید ناکے لگا دئے گئے ہیں۔