سرینگر//
صوبائی کمشنر کشمیر ‘وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ روزگار کے میلوں کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو بہتر روزگار موقعے فراہم کرنا ہے ۔
بدھوری نے کہا کہ سرینگر میں منعقد ہو رہے آج کے میلے میں قریب ۲۵سو نوجوانوں کو روز گار ملے گا۔
صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
بدھوری نے کہا’’روز گار میلوں کا انعقاد اس لئے کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر روزگار کے موقعے فراہم کئے جا سکیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’آج کے میلے میں۱۴۱کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جس سے قریب۲۵سو نوجوانوں کو مختلف کمپنیوں میں روز گار ملے گا‘‘۔
ماہ رمضان کے دوران بجلی سپلائی کی فراہمی کے بارے میں پوچھے جانے پر بدھوری نے کہا کہ متعلقہ محکمہ اس ماہ کے دوران صارفین کو مناسب بجلی سپلائی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ کئی پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ ایک مہینے کے بعد صورتحال بہتر ہوگی۔
پرائیویٹ اسکولوں کے اساتذہ کی معمولی تنخواہوں کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری سے ان اساتذہ کو بہتر موقعے فراہم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ویجز ایکٹ پر عمل در آمد کو یقینی بنائے گی۔