ممبئی// ٹاٹا آئی پی ایل میں اب تک گیند اوربلے کے ساتھ اہم کردار ادا کرنے والے دہلی کیپٹلس کے آل راؤنڈر شاردل ٹھاکرنے کہا ہے کہ وہ ہر اس میچ میں اپنی چھاپ چھوڑناچاہتے ہیں، جس کا وہ حصہ ہوں گے۔
ٹھاکر نے کہا، "ٹیم کے اندر کا ماحول بہت اچھا ہے۔ ٹیم میں بہت سے نوجوان کھلاڑی ہیں اور ہم سب دوست ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم ایک طویل عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔ میں ہراس میچ میں اپنااثرچھوڑنا پسند کروں گا، جس کا میں حصہ رہوں گا اوریہی وجہ ہے کہ میں بہت ساری توانائی کے ساتھ کھیلتاہوں۔”
ٹھاکر نے ٹی20 میچوں میں آل راؤنڈرز کی اہمیت کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹنگ میں بہت گہرائی ہے، اگر آپ کے پاس زیادہ آل راؤنڈر ہیں توپھرٹی 20 کے لحاظ سے آپکی ٹیم اتنی ہی مضبوط ہے، اگر ہم اپر آرڈر میں تیزی سے وکٹیں گنواتے ہیں تو نمبر 6، 7 اور 8 پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں کا کردار اہم ہو جاتا ہے۔”
آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ "ہماری ٹیم درست سمت میں ہے، ہمارے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ ہمیشہ ہمیں اپنا فطری کھیل کھیلنے کا مشورہ دیتے ہیں، جو بھی صورتحال ہو، کوچ نے ہمیشہ اپنی طاقت کے مطابق ہی کھیلنے کو کہا ہے۔ کوچ چاہتے ہیں کہ ایسا کرتے ہوئے ہم اپنی پہتری کارکردگی کا مظاہرہ کریں، یہی وجہ سے ہم ٹیم کے لئے جی جان لگادیتے ہیں۔
ایک کرکٹرکے طورپر انہیں کیا پسند ہے، ٹھاکر نے اس پر بھی بات کی۔ ٹھاکر نے کہا، ’’میں کرکٹ سے لطف اندوزہوناچاہتاہوں۔ میں نے اس مقام تک پہنچنے کے لئے سخت محنت کی ہے اس لئے میں خود کو کسی بھی طرح کے دباو میں نہیں رکھناچاہتا۔ یہاں تک کہ جب شائقین مخالف ٹیم کی حمایت میں نعرے لگاتے ہیں تو بھی میں ان حالات سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔”
ٹاٹا آئی پی ایل کے اگلے میچ میں دہلی کیپٹلس کا سامنا 16 اپریل کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلور سے ہوگا۔