پونے// پانچ بار کی چیمپئن ممبئی انڈینس کو امسال کے آئی پی ایل میں مسلسل چار میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ بدھ کو یہاں ممبئی کا مقابلہ پنجاب کنگس سے ہوگا۔ اگر ممبئی کو اس میچ میں واپسی کرنی ہے تو اس کے کپتان روہت شرما کو اپنا اصلی روپ دکھانا ہوگا۔
ممبئی انڈینس اور اس کے کپتان روہت شرما چار میچوں میں شکست کے بعد کافی دباؤ میں ہیں۔ روہت شرما نے اس سیزن میں 41 (32) اور 26 (15) جیسی اچھی اننگز کھیلی ہیں لیکن اب وہ بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں۔ پونے میں اپنے آخری پانچ آئی پی ایل میچوں میں انہوں نے 57.67 کی اوسط اور 136.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے 173 رنز بنائے ہیں۔ لیکن ان کی ٹیم کو یہاں ان سے ایک بڑی اننگز کی ضرورت ہے۔
ممبئی کی ٹیم میں اگر کوئی کھلاڑی چل پا رہا ہے تو وہ سوریہ کمار یادو ہیں۔ سوریہ کمار یادو نے 68 (37) اور 52(36) کی عمدہ اننگز کے ساتھ سیزن کا مثبت آغاز کیا ہے۔ حالانکہ وہ ماضی میں پنجاب کے خلاف زیادہ کچھ نہیں کر پائے تھے۔ پنجاب کے خلاف ان کی اوسط 20.08 ہے۔ آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کے خلاف یہ ان کا سب سے خراب اوسط ہے لیکن ممبئی کو امید ہے کہ سوریہ کا بلہ چلے اور خوب چلے۔
اپنی سابق ٹیم ممبئی کے خلاف کھیلتے ہوئے راہول چاہر اثر بنانے کی کوشش کریں گے۔ اس نے اس سیزن میں کھیلے گئے چاروں میچوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ سات وکٹوں کے ساتھ پنجاب کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں اور انہوں نے بلے سے 12 اور 22* رنز بھی بنائے ہیں۔