نئی دہلی//
داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر میں بہت سے کٹرجنگجوؤں کو ہلاک کرنے اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعریف کی جس کی وجہ سے سیاح وادی میں آرہے ہیں۔
بھلا نے یہاں ملک کے سب سے بڑے نیم فوجی دستے کے یوم بہادری کے پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ اگست۲۰۱۹ میں آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد کشمیر میں بڑے پیمانے پر تشدد کی توقع تھی، جموں و کشمیر پولیس اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے اچھے تعاون کا مظاہرہ کیا اور تشدد پر کافی حد تک قابو پالیا۔
داخلہ سیکریٹری نے کہا کہ جموں کشمیر میں ہندوستان کے اتحاد کو یقینی بنانے میں سی آر پی ایف کا بڑا کردار ہے۔ان کاکہنا تھا’’ گزشتہ سال کے دوران سی آر پی ایف اور دیگر فورسز نے بہت سے کٹر دہشت گرد مارے گئے ہیں اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا ہے‘‘۔
بھلا نے کہا کہ یہ سی آر پی ایف جوانوں کی محنت کی وجہ سے ہے کہ بہت سے سیاح کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کا احساس ہے۔
داخلہ سیکریٹری کاکہنا تھا’’مقامی پولیس اور سی آر پی ایف کی اچھی تعیناتی سے، لوگ جانتے ہیں کہ وہ بحفاظت کشمیر جا سکتے ہیں…کشمیر کیلئے پروازیں بھری ہوئی ہیں اور سیاح آ رہے ہیں‘‘۔
بھلا نے کہا کہ اس فورس کو متعدد داخلی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں مہارت حاصل ہے‘چاہے وہ انسداد دہشت گردی، شورش یا بائیں بازو کی انتہا پسندی ہو۔ انہوں نے جنوبی دہلی کے ایک کیمپ میں فورس کے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے درمیان تعاون بہترین رہا ہے اور یہ فائدہ مند رہا ہے۔