جموں//
جموںکشمیر کے ضلع سانبہ کی انتظامیہ نے ضلع میں کام کرنے والے غیر مقامی افراد کی تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کو لازمی قرار دیا ہے ۔
ضلع مجسٹریٹ سانبہ نے اس سلسلے میں ایک حکمنامہ جاری کیا ہے ۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے’’گھریلو ملازموں اور کرایہ داروں کی آڑ میں قیام پذیر عناصر کی طرف سے ملک مخالف سرگرمیوں کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں لہذا مکانات، زرعی شعبوں اور صنعت مالکان سے کہا جاتا ہے کہ وہ دس دنوں کے اندر اندر کرایہ داروں کی شناخت ظاہر کریں‘‘۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ تفصیلات فراہم نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی انجام دی جائے گی۔
حکمنامے میں صنعتوں، تعمیراتی کمپنیوں، کاروباری اداروں میں کام کرنے والے غیر مقامی افراد کی معلومات ڈیکلریشن فارم کے مطابق متعلقہ تھانے میں جمع کرانا شامل ہے ۔
ضلع سانبہ کا ہر ایس ایچ او تجارتی اداروں میں کام کرنے والے غیر مقامی افراد، گھریلو ملازموں اور کرایہ داروں کی ویری فکیشن کرے گا اور ایسے افراد کے لئے ایک الگ رجسٹر مرتب کرے گا۔
حکمنامے کے مطابق قوانین کی خلاف کرنے والے لوگوں، تجارتی اداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔