سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقے میں مبینہ طور پر ایک ساتھی کا کان کاٹنے کے الزام میں ایک استاد کو گرفتار کیا ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل ۲۱فروری کو پیش آیا جس میں ایجوکیشن زون پٹن کے گورنمنٹ مڈل اسکول بوچھو میں تعینات دو اساتذہ کے درمیان کسی سرکاری اسائنمنٹ کا چارج لینے پر زبانی جھگڑا ہوگیا۔
ایک اہلکار نے بتایا’’دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ گرما گرم بحث کا تبادلہ کیا جس کے نتیجے میں بالآخر ہاتھا پائی ہوئی اور ایک استاد نے اپنے ساتھی پر حملہ کیا اور اس کا کان کاٹ دیا‘‘۔
ٹیچر کمیونٹی نے اپنے ساتھی کے ذریعہ استاد پر حملے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات پوری ٹیچر کمیونٹی پر سوال اٹھاتے ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد جموں و کشمیر پولیس پٹن نے کیس درج کیا اور ملزم استاد کو بھی گرفتار کرلیا۔
ایس ڈی پی او پٹن‘ نواز احمد کھانڈے نے کہا ‘‘ہم نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم استاد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے‘‘۔
دریں اثنا، محکمہ تعلیم نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور اس معاملے میں محکمانہ کارروائی شروع کرنے کے لیے سفارشات پیش کی ہیں۔
چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) بارہمولہ چمن لال شرما نے رابطہ کرنے پر اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ متعلقہ زونل ایجوکیشن آفیسر (زیڈ ای او) پٹن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ملزم ٹیچر کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کیلئے رپورٹ دفتر میں جمع کرائیں۔