سرینگر//
ضروری مرمت کیلئے سرینگر جموں شاہراہ ۲۴فروری‘۳؍اور ۱۰ مارچ کو بند رہے گی ۔
ضلع ترقیاتی کمشنر ‘رام بن نے آج شام ایک ٹویٹ میں کہا کہ اہم مقامات پر ضروری مرکیلئے سرینگر جموں شاہراہ ۲۴فروری‘۳؍اور۰ ۱ مارچ کو بند رہے گی ۔
اس دوران سری نگر جموں قومی شاہراہ کو بدھ کو یک طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ڈی ایس پی ٹریفک قومی شاہراہ ‘ اصغر ملک نے کہا’’ بانہال کے چملواس علاقے کے قریب یک طرفہ ٹریفک بحال ہو گیا۔ پھنسے ہوئے ٹریفک کو ۳۸ گھنٹوں کے بعد آگے جانے کی اجازت دی گئی‘‘۔
اس سے پہلے صبح کے وقت شلگڈی، بانہال میں پتھراؤ اور سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک مسلسل بند رہی۔
ہائی وے وادی کشمیر کی لائف لائن ہے اور کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی مرکزی سڑک ہے۔
ضروری سامان سے لدے کشمیر جانے والے ٹرک اور دیگر گاڑیاں ہائی وے سے گزرتی ہیں اور کشمیر سے پھلوں سے لدے ٹرک اس سڑک کے ذریعے ملک کے باقی حصوں کی طرف جاتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ شاہراہ کے دونوں طرف قریب دو ہزار گاڑیاں درماندہ ہوئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں دوسری طرف بازاروں میں گراں بازاری آسمان چھونے لگتی ہے ۔