سرینگر//(ویب ڈیسک)
جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں دریائے کنارے سے ۳۵۹ میٹر اوپر واقع چناب ریلوے پل پر منگل کو ریلوے ٹریک بچھانے کا کام شروع ہوا۔
۳ء۱ کلومیٹر لمبا پل، جو پیرس کے مشہور ایفل ٹاور سے۳۵ میٹر اونچا ہے، کٹرا سے بانہال تک۱۱۱ کلومیٹر کے طویل حصے میں ایک اہم لنک بناتا ہے‘ جو۲۱ہزار۵۶۳ کروڑ روپے کے ادھم پور،سرینگر،بارہمولہ(یو ایس بی آر ایل) ریلوے کا حصہ ہے۔
وزارت ریلوے نے ٹویٹ کیا’’یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ میں ایک اور سنگ میل! چناب پل پر ٹریک بچھانے کا کام شروع۔ ایک بار مکمل ہونے کے بعد، یہ پل جموں و کشمیر کے دور دراز علاقوں کیلئے نئے امکانات کھول دے گا‘‘۔
ریاسی شہر سے۴۲ کلومیٹر کے فاصلے پر بکل اور کوری کے درمیان سٹیل اور کنکریٹ کے آرچ پل کی بنیاد نومبر ۲۰۱۷ میں مکمل ہوئی تھی، جس سے مرکزی محراب کی تعمیر شروع ہو گئی تھی جو اپریل ۲۰۲۱ میں کی گئی تھی۔
پْل پر ایک اور سنگِ میل پچھلے سال اگست میں حاصل کیا گیا تھا جب پل کے اوور آرچ ڈیک کو ’گولڈن جوائنٹ‘ کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا، جس سے پٹری بچھانے کے لیے راستہ ہموار ہوا تھا۔
حکام کے مطابق، پل پر تعمیراتی کام۲۰۰۴ میں شروع ہوا تھا لیکن اس علاقے میں اکثر تیز رفتار ہواؤں کے پیش نظر ریل مسافروں کی حفاظت کے پہلو پر غور کرنے کے لیے اسے۲۰۰۹۔۲۰۰۸ میں روکنا پڑا تھا۔
عہدیداروں نے کہا کہ ایک بار مکمل ہونے کے بعد یہ پل ۲۶۰ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کو برداشت کرنے کے قابل ہو جائے گا اور اس کی عمر۱۲۰ سال ہو گی۔
سب سے اونچے ریلوے پل کے علاوہ، یو ایس بی آر ایل پراجیکٹ میں بہت سے پہلے کام ہیں جیسے سب سے طویل ریلوے سرنگ جس کی مجموعی لمبائی۷۵ء۱۲ کلومیٹر ہے، پہلا کیبل اسٹیڈ پل جو مکمل ہونے پر ۲۱ویں صدی کا انجینئرنگ کا معجزہ ہوگا۔
کل ۲۷۲ کلومیٹر کے یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ میں سے‘۱۶۱ کلومیٹر کا مرحلہ مرحلہ وار شروع کیا گیا۔پہلا مرحلہ ۱۱۸ کلومیٹر کا قاضی گنڈ،بارہمولہ سیکشن اکتوبر۲۰۰۹ میں شروع کیا گیا، اس کے بعد جون۲۰۱۳ میں۱۸ کلومیٹر بانہال،قاضی گنڈ اور۲۵ کلومیٹر ادھم پور، کٹرا جولائی ۲۰۱۴ میں۔
اس منصوبے پر کام، جو کہ آزادی کے بعد شروع کیا جانے والا سب سے چیلنجنگ ریلوے انفراسٹرکچر پروجیکٹ ہے، ۱۹۹۷ میں شروع کیا گیا تھا اور لاگت میں اضافے کے باعث کئی ڈیڈ لائنیں ختم ہو چکی ہیں۔
۱۱۱ کلومیٹر کے زیر تعمیر کٹرا،بانہال سیکشن میں کل ۳۷پل ہیں (۲۶ بڑے اور۱۱ چھوٹے)، ۳۵ سرنگیں ہیں جن کی لمبائی ۱۶۴ کلومیٹر ہے (بنیادی ۶۴۲۷ء۹۷ کلومیٹر اور آٹھ فرار سرنگیں ہیں جن کی لمبائی۴۰ء۶۶ کلومیٹر ہے)۔