سرینگر/۱۱ فروری
سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آج صبح برف باری کی وجہ سے ہوائی سفر متاثر ہوا کیونکہ حکام نے حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے چند پروازوں کا رخ موڑ دیا ہے۔
ہوائی اڈے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ مسلسل برف باری کے دوران مرئیت کم ہو کر 500 میٹر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا”صبح سے کوئی فلائٹ آپریشن نہیں ہوا‘ہم موسم کے بہتر ہونے کا انتظار کر رہے ہیں“۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ہوائی اڈے پر آنے والی چند پروازوں کو نئی دہلی یا امرتسر کی طرف موڑنا پڑا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز جموں ڈویڑن میں خشک موسم اور کشمیر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے کہا ”جموں ڈویڑن میں موسم خشک اور وادی میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کافی وسیع بارش/برفباری کا امکان ہے“۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں منفی 2.4 اور گلمرگ میں منفی 8.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ کے علاقے میں، دراس شہر میں منفی 7.7 ڈگری سیلسیس، کرگل میں منفی 6.7 ڈگری اور لیہہ میں منفی 10.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
جموں میں 9.5، کٹرہ 8.8، بٹوٹ 2.4، بانہال 1.8 اور بھدرواہ میں 1.1 درجہ حرارت کم سے کم رہا۔
جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور برف باری ہوئی۔