سرینگر//
جموں سرینگر شاہراہ جمعہ کو بند رہی، جس سے ایک ہزار سے زیادہ ہلکی اور بھاری موٹر گاڑیاں سڑک پر درماندہ تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے جوڑنے والا واحد زمینی رابطہ شاہراہ کل رات سے کیفے ٹیریا، مہر اور پنتھیال میں مٹی کے تودے گرنے‘پسیاں گر آنے کی وجہ سے بند ہے۔
محکمہ ٹریفک کے ایک اہلکار نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ’’ہائی وے ابھی تک بند ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی کل (ہفتہ) کے لیے موسلادھار بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹر یفک کنٹرول یونٹس سے تصدیق کے بغیر ہائی وے پر سفر نہ کریں‘‘ ۔
اہلکار نے کہا کہ شدید بارش، کیفے ٹیریا‘مہر، رامبن میں مٹی کے تودے گرنے اور پنتھیال اور دیگر مقامات پر پتھراؤ کی وجہ سے تقریباً ایک ہزار گاڑیاں، دونوں چھوٹی اور بھاری گاڑیاںشاہراہ پر درماندہ ہوئی ہیں۔
حکام نے لوگوں سے شاہراہ پر سفر کرنے سے پہلے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے جہاں بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی کمی پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے ۔