نئی دہلی //
نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے ملک کی ایک انچ زمین بھی نہیں دی گئی ہے۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے منگل کو لوک سبھا میں ایک اپوزیشن رکن پارلیمنٹ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا جس نے حکومت پر ہندوستانی علاقہ چین کو دینے کا الزام لگایا۔
یوکرین کی صورتحال پر ایوان زیریں میں بحث میں مداخلت کرتے ہوئے، رجیجو نے جونپور سے بہوجن سماج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شیام سنگھ یادو کے ریمارک پر سخت اعتراض کیا۔
رجیجو نے کہا’’ہر کوئی جانتا ہے کہ چین اور پاکستان کے زیر کنٹرول ہمارا دعویٰ والا علاقہ پرانے زمانے کا ہے۔ میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔ جب سے نریندر مودی وزیر اعظم بنے ہیں، ایک انچ بھی زمین نہیں دی گئی‘‘۔
یادو کا الزام تھا کہ ہندوستانی سرزمین چائنا کو تھوڑے تھوڑے سے دی جارہی ہے۔
وزیر نے کہا کہ اروناچل پردیش، جو ایک سرحدی ریاست ہے، بھی۱۰۰ فیصد محفوظ ہے۔ان کاکہنا تھا’’میں اروناچل پردیش سے آیا ہوں۔ ایک ٹی وی چینل نے شرارت کی اور ایک غیر ملکی ویب سائٹ سے تصاویر لے کر کہا کہ چین نے اروناچل کے اندر ایک گاؤں قائم کیا ہے جو کہ جھوٹا ہے کیونکہ اس گاؤں پر چین نے۱۹۵۹ میں قبضہ کیا تھا‘‘۔
رجیجونے کہا کہ ایسے دعوے کرکے ملک کو گمراہ نہیں کرنا چاہیے۔