جموں//
جموںکشمیر بھاجپا کے لیڈر‘دیوندر سنگھ رانا نے منگل کے روز کہا کہ یوٹی میں جب بھی الیکشن ہونگے بھاجپا اپنے دم پر مضبوط سرکار بنائے گی۔
رانا نے کہاکہ بی جے پی میں آئے روز لوگ جو ق درجوق شامل ہو رہے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار رانا نے جموں میں سریندر چودھری کے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رانا نے کہا کہ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر سریندر چودھری نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جو خوش آئند بات ہے کیونکہ اُن کے پاس لمبا سیاسی تجربہ ہے ۔
بی جے پی لیڈرنے کہاکہ سریندر چودھری منجھے ہوئے سیاستدان ہیںاور اُن کی شمولیت سے بی جے پی مزید مضبوط ہوگی۔
جموں وکشمیر میں چناؤ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دیوندر رانا نے کہا کہ جب بھی الیکشن ہونگے بھاجپا اپنے دم بھر مضبوط سرکار بنائے گی۔
رانا کے مطابق بھاجپا پچاس سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی کیونکہ اس وقت پورے جموں کشمیر میں بی جے پی کی لہر ہے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کے بارے میں رانا نے کہاکہ ان کا مسئلہ جائز ہے اور میں اُنہیں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ موجودہ گورنر راج میں ہی اُن کا مسئلہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ انتظامیہ نے پہلے ہی اس معاملے پر اقدامات اُٹھانا شروع کئے ہیں۔
اس سے قبل پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری سریندر چودھری نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جس دوران بھاجپا کے سینئر لیڈروں نے اُن کا استقبال کیا۔